ہفتہ وحدت و اخوت: تحریک نفاذ فقہ جعفریہ فیڈرل کیپٹل اسلام آباد کے وفد کی مرکزی میلاد النبیؐ میں شرکت*
اسلام آباد: ہفتہ وحدت و اخوت 12 تا 18 ربیع الاول کے سلسلے میں حسبِ فرمان قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید حامد علی شاہ موسوی النجفی سرکارؒ، اعلیٰ اللہ مقامہٗ، اور تجدیدِ اعلان سربراہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان علامہ سید حسین مقدسی مدظلہ العالیٰ کے موقع پر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ فیڈرل کیپٹل اسلام آباد کا مرکزی وفد، صدر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ فیڈرل کیپٹل اسلام آباد علامہ سید رفاقت حسین نقوی کی زیرِ صدارت خانقاہ نقشبندیہ مجددیہ خیریہ، نزد ستارہ مارکیٹ G-7/2 اسلام آباد میں منعقدہ مرکزی میلاد النبیؐ میں شریک ہوا۔
وفد نے میلاد النبی حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشی اور ہفتہ وحدت و اخوت کے پیغام کو اجاگر کرتے ہوئے بین المسالک اتحاد، اخوت، رواداری اور محبتِ رسولؐ کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وفد میں ناظم الامور علامہ سید فخر عباس عابدی، جنرل سیکرٹری علامہ سید فصاحت حسین اسدی، رابطہ سیکرٹری برائے مرکز ذوالفقار علی راجہ، علامہ سید کاظم سبزواری، علامہ سید وضاحت حسین گردیزی، علامہ غلام عباس جعفر، علامہ انوار کاظم ایڈووکیٹ، علامہ علی جواد نجفی، چیف کمانڈر مختار فورس رضاکار مخدوم باوا سید نزاکت حسین کاظمی، ڈپٹی چیف کمانڈر آغا اسد عباس حیدری، راجہ اسرار حسین سمیت دیگر عہدیداران و کارکنان شامل تھے۔
علامہ سید رفاقت حسین نقوی نے اس موقع پر کہا کہ میلادِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری امتِ مسلمہ کے لیے اتحاد و اخوت کا عظیم پیغام ہے۔ ہفتہ وحدت و اخوت منانے کا مقصد محبتِ رسولؐ، باہمی احترام اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے اتحادِ امت، ملکی سلامتی، امن و استحکام اور بین المسالک ہم آہنگی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

