سیرتِ عقیلہ بنی ہاشم ظلم و بربریت اور یزیدیت و آمریت اور وطنِ عزیز درپیش فتنوں کو کچلنے کا نسخۂ اکسیر ہے۔ شریک چیئرمین ایم او سیدوجیہہ کاظمی
حضرت زینبؑ بنتِ حضرت علی المرتضیٰؑ کی سیرتِ طیبہ طبقۂ نسواں کے لیے جرات و استقامت کا مینارۂ نور ہے۔ علامہ بشارت حسین امامی
حکومت ملک میں بیرونی فنڈڈ عصبیت پرست عناصر پر کڑی نظر رکھیں،اہلِ بیت علیہم السلام اور پاکیزہ ہستیوں کی توہین کو روکا جائے۔ سیکریٹری جنرل ٹی این ایف جے
حضرت زینبؑ بنتِ علیؑ کا جرأتمندانہ کردار خواتین کیلئے باعثِ افتخار اور پوری انسانیت کیلئے مشعلِ راہ ہے۔ علامہ قمر زیدی
کانفرنس میں جشن پر مسرت کا خصوصی کیک کاٹا گیا اور دعائیں کی گئیں،مرکزی صدر مختار آرگنائزیشن سید ثمرالحسن نقوی نے سپاس تشکر پیش کیا۔
اسلام آباد ( ) پیشوائے روحانی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی النجفی کا قائم کردہ عالمی یومِ عقیلہ بنی ہاشم بسلسلۂ ولادت پُر نور بطلۂ کربلا حضرت زینب بنتِ علی علیہ السلام سربراہ ٹی این ایف جے علامہ آغا سید حسین مقدسی کے اعلان پر ملک بھر میں عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا۔ اس مناسبت سے مختار آرگنائزیشن اسلام آباد اور الحاج صوبیدار اصغر علی حیدری اور انکے فرزندان کے زیر اہتمام عظیم الشان عقیلہ بنی ہاشم کانفرنس امام بارگاہ قصرِ امام المنتظر ڈی ایچ اے اسلام آباد میں منعقد کی گئی جس کی صدارت شریک چیرمین ایم او سید وجہیہ الحسن کاظمی نے کی جبکہ سیکریٹری جنرل تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان علامہ راجہ بشارت حسین امامی مہمان خصوصی تھے۔ شریک چیرمین سید وجہیہ الحسن کاظمی نے اپنے خطاب میں سیرتِ عقیلہ بنی ہاشم کو ظلم و بربریت اور یزیدیت و آمریت سمیت وطنِ عزیز درپیش فتنوں کی کچلنے کا نسخۂ اکسیر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری حسین حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی مقدس امانت ہے جس کے دفاع کے لیے تعلیمات آقائے موسوی پر عمل پیرا ہو کر جدوجہد جاری رکھیں گے۔ علامہ بشارت حسین امامی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت زینبؑ بنتِ حضرت علی المرتضیٰؑ کی سیرتِ طیبہ طبقۂ نسواں کے لیے جرات و استقامت کا مینارۂ نور ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک میں بیرونی فنڈڈ عصبیت پرست عناصر پر کڑی نظر رکھیں،اہلِ بیت علیہم السلام اور پاکیزہ ہستیوں کی توہین کو روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قومی و ملی حقوق پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،علامہ بشارت حسین امامی نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی تمام شِقوں پر عمل کیا جاتا تو دو صوبوں میں دہشتگردی کی نرسریاں پروان نہ چڑھتیں۔انہوں نے کہا کہ آئین و قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے اور کالعدم جماعتوں پر عملی پابندی عائد کرتے ہوئے فرقہ وارانہ سیاست پر پابندی لگائی جائے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات ٹی این ایف جے علامہ قمر حیدر زیدی نے کہا کہ حضرت زینبؑ بنتِ علیؑ کا جرأتمندانہ کردار خواتین کیلئے باعثِ افتخار اور پوری انسانیت کیلئے مشعلِ راہ ہے۔انہوں نے باور کرایا کہ دین و وطن کی بقاء و استحکام کے لیے حسینیؐ و زینبیؑ کردار ادا کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریکِ نفاذِ فقۂ جعفریہ قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسویؒ کے مشن کو امانت و دیانت کیساتھ جاری رکھنے کیلئے میدانِ عمل میں ہے اور کسی کو بھی مرکز کے اصولوں ولائے علیؑ، عزائے حسینؑ، حرمتِ سادات، احترامِ مرجعیت و مرکزیت کے خلاف سازش نہیں کرنے دیں گے اور دنیا کی کوئی طاقت ہمیں اپنے اہداف سے نہیں روک سکتی۔ کانفرنس سے ناظم الامور فیڈرل کیپیٹل ٹی این ایف جے علامہ فخر عباس عابدی، صدر فیڈرل کونسل علامہ رفاقت حسین نقوی، لیگل ایڈوائزر ٹی این ایف جے علامہ انوار کاظم، علامہ ابو الحسن کاظمی الموسوی، مولانا وقار حسین نقوی، علامہ سید حسن بخاری، علامہ اسد بخاری، ذاکر سید مطیع الحسنین کاظمی، ذاکر ذیشان نقوی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ ازاں بعد جشن پر مسرت کا خصوصی کیک کاٹا گیا اور علامہ فخر عباس عابدی نے اختتامی دعا کی۔ مہتمم کانفرنس سید ثمرالحسن نقوی مرکزی صدر مختار آرگنائزیشن پاکستان نے اس موقع پر سپاس تشکر پیش کیا۔

