ایس پی انڈسٹریل ایریا زون محمد حسنین وارث کی سرپرستِ اعلیٰ ٹی این ایف جے فیڈرل کیپٹل، محرم کمیٹی عزاداری سیل انڈسٹریل زون کے کوآرڈینیٹر مخدوم سید فیاض حسین کاظمی اور ڈپٹی ناظم الامور سید تاثیر حسین کاظمی سے محرم الحرام کے انتظامات کے سلسلے میں اہم ملاقات و اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات، جلوسوں اور مجالس کے روٹس، حکومتی ہدایات پر عملدرآمد، ٹریفک مینجمنٹ اور عزاداروں کو سہولیات کی فراہمی کے امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
شرکاء نے محرم الحرام کے پرامن انعقاد، امن و امان کے قیام اور باہمی تعاون کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ایس پی انڈسٹریل ایریا زون محمد حسنین وارث نے انتظامیہ اور عزاداری تنظیموں کے درمیان مؤثر رابطہ برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے جامع انتظامات کیے جائیں گے اور تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دیں گے۔
اجلاس کے اختتام پر باہمی تعاون، اتحاد و یکجہتی اور حکومتی ضابطہ کار پر مکمل عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا گیا تاکہ محرم الحرام کے تمام پروگرام پرامن اور منظم انداز میں منعقد ہو سکیں

