محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس، ٹی این ایف جے وفد کی شرکت
اسلام آباد: محرم الحرام کے پرامن انعقاد، بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن، اسلام آباد پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے ضلعی امن کمیٹی کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔
اجلاس میں جید علماء کرام، تاجر تنظیموں اور مختلف متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ (ٹی این ایف جے) فیڈرل کیپٹل اسلام آباد کے نمائندہ وفد میں صدر علامہ سید رفاقت حسین نقوی، سینئر نائب صدر سید نوازش علی شاہ، ڈپٹی ناظم الامور ایسٹ اسلام آباد علامہ غلام عباس جعفر، چیئرمین پولیٹیکل سیل راجہ ساجد حسین اور سیکرٹری نشر و اشاعت آغا اسد عباس حیدری شامل تھے۔
اجلاس کے دوران محرم الحرام میں منعقد ہونے والی مجالس اور جلوس ہائے عزاء کے انتظامات، سکیورٹی اقدامات اور درپیش امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے امن و امان کے قیام، بین المسالک رواداری کے فروغ اور عزاداروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔
اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا، ایس ایس پی سکیورٹی/آپریشنز سلیمان ظفر اور اے ڈی سی جی صاحبزادہ یوسف بھی شریک تھے۔ شرکاء نے محرم الحرام کے دوران مکمل تعاون، رابطے اور باہمی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

